نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 88 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا مقصد عام صارفین اور صنعتی و زرعی شعبوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکلز کے چارجنگ اسٹیشنز اس رعایت سے مستفید نہیں ہوں گے۔
صارفین کو یہ رعایت دسمبر کے بجلی بلوں میں نظر آئے گی اور حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ماہِ دسمبر میں عام صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
اسی دوران وفاقی حکومت نے صنعتی و زرعی شعبے کے فروغ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے ہیں۔ صنعتی شعبے کے اضافی یونٹس پر بجلی کی قیمت 34 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کر دی گئی ہے، جبکہ زرعی شعبے کے لیے اضافی یونٹس کی قیمت 38 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی گئی ہے۔ اس فیصلے سے صنعت اور زراعت میں بجلی کی اوسط قیمت میں نمایاں کمی آئے گی۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ اس تین سالہ پیکج سے صنعتی اور زرعی شعبے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں گے، پیداوار میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے اضافی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا سینٹرز، کرپٹو مائننگ آپریشنز اور گرین فیلڈ صنعتیں بھی اس پیکج سے فائدہ اٹھائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر زراعت میں پہلے 100 یونٹ استعمال کیے گئے تو اب اضافی 100 یونٹ استعمال کرنے پر اوسط بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی ہوگی، اور صنعت میں ہزار یونٹ کے اضافی استعمال پر اوسط قیمت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی آئے گی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن کے بعد یہ پیکج فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جبکہ یہ رعایت گزشتہ سال کی کھپت سے زائد استعمال ہونے والے یونٹس پر لاگو ہوگی۔ وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کے لیے ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








