سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کے خلاف درخواست دائر

تازہ ترین

تازہ ترین

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کے خلاف درخواست دائر
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کے خلاف درخواست دائر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست گزار نے سابق چیف جج سے تمام تنخواہ واپس لینے کی استدعا کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 5 روز قبل سابق چیف جج رانا محمد شمیم نے بیانِ حلفی کے ذریعے دعویٰ کیا کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت میں تاخیر کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:

رانا شمیم کون ہیں اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پرلگائے گئے الزامات

توہینِ عدالت کیس، سابق چیف جج راناشمیم اور انصارعباسی کو نوٹس جاری

ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدر چوہدری اکرم نے سابق چیف جج گلگت بلتستان کے علاوہ سیکریٹری قانون و انصاف اور داخلہ سمیت دیگر کو مدعا علیہ ٹھہرایا۔

پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف درخواست پر سماعت ہوگی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت میں تاخیر سے متعلق حلف نامہ آرٹیکل 5 کے خلاف ہے۔

درخواست گزار چوہدری اکرم نے کہا کہ آئین کی دفعہ 5 کے تحت ہر شہری ریاست کا وفادار اور آئین کا فرمانبردار ہوتا ہے۔ سابق چیف جج گلگت بلتستان نے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہوتی ہے۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں چوہدری اکرم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔ 

 

 

Related Posts