پیٹرول مہنگا؛ ملک بھر میں پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیاں مقبول

تازہ ترین

تازہ ترین

مقبول
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد گاڑیوں کے انتخاب میں واضح تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، جہاں پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیاں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔

پیٹرول کی قیمت 320 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرنے کے باعث ڈرائیونگ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) استعمال کرنے والے صارفین اپنی ترجیحات پر نظرثانی کر رہے ہیں۔

آٹو انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز (پی ایچ ای وی) اور رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز پاکستانی صارفین کے لیے زیادہ موزوں اور کم خرچ متبادل کے طور پر ابھر رہے ہیں۔

چیری ماسٹر پاکستان کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں نے روایتی گاڑیوں کی افادیت کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ اب صرف ماحولیاتی نہیں رہا بلکہ براہ راست صارفین کے ماہانہ اخراجات سے جڑ چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سی سیگمنٹ کی ایک عام پیٹرول SUV، جو اوسطاً 10 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہے، موجودہ قیمتوں کے تحت تقریباً 32 روپے فی کلومیٹر لاگت پیدا کرتی ہے۔ اس کے برعکس روایتی ہائبرڈ گاڑیاں، جو لگ بھگ 18 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج فراہم کرتی ہیں، ان کی فی کلومیٹر لاگت تقریباً 18 روپے رہتی ہے، تاہم وہ بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مکمل طور پر محفوظ نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل پیش رفت پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیوں کے ذریعے سامنے آ رہی ہے، جو شہری علاقوں میں زیادہ تر سفر بجلی پر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مثال کے طور پر ایک جدید پلگ اِن SUV کو مکمل چارج کرنے پر تقریباً 170 کلومیٹر تک چلایا جا سکتا ہے۔ اگر بجلی کی اوسط قیمت 50 روپے فی یونٹ تصور کی جائے تو ایک مکمل چارج کی لاگت تقریباً 1700 روپے بنتی ہے، جو فی کلومیٹر تقریباً 10 روپے کے مساوی ہے۔

اس طرح پلگ اِن ہائبرڈ SUV کی یومیہ چلانے کی لاگت روایتی پیٹرول گاڑی کے مقابلے میں تقریباً 22 روپے فی کلومیٹر کم ہو سکتی ہے، جو ماہانہ سطح پر صارفین کے لیے خاطر خواہ بچت کا باعث بنتی ہے۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق ملک میں سولر انرجی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے اس تبدیلی کو مزید تقویت دی ہے۔ نیٹ میٹرنگ اور گھریلو سولر سسٹمز کی تنصیب میں اضافے کے باعث صارفین نہ صرف بجلی کے بلوں میں کمی لا رہے ہیں بلکہ اپنی گاڑیوں کو بھی کم لاگت پر استعمال کرنے کے قابل ہو رہے ہیں۔

Related Posts