بارودی مواد، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز برآمد! کراچی میں بڑی دہشتگردی کی کارروائی ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی میں ایک بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی گئی جب شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس کارروائی کے دوران چار دہشتگرد ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ آپریشن گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کیا گیا۔ مقابلے کے دوران شدت پسندوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے جس میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ، حمدان عرف فرید شامل ہیں جبکہ ایک کی شناخت ابھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد اپنی ہی ساتھی فائرنگ سے نشانہ بنے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جنوری کے اوائل میں تقریباً دو ہزار کلو بارودی مواد برآمد ہوا تھا اور تین دہشتگرد گرفتار کیے گئے تھے۔ انہی کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر شاہ لطیف ٹاؤن میں یہ کارروائی عمل میں آئی۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق مبینہ طور پر فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے ہے۔

حکام نے علاقے میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹس برآمد کیے گئے۔ یہ تمام مواد ڈی فیوز کرنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔

Related Posts