سندھ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا اور میسجنگ پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے ایک جعلی “سیکیورٹی الرٹ” پیغام کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
سرکاری پریس ریلیز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے اس طرح کا کوئی بھی الرٹ یا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی سختی سے تردید کی ہے۔
بیان میں وضاحت کی گئی کہ “HD/Sec/Clarification-11/2025” کے ریفرنس نمبر یا “Immediate Security Alert: Increased Threat Level from 12 to 30 November 2025” کے عنوان سے کوئی مراسلہ محکمہ داخلہ یا اس کے ماتحت کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے جاری نہیں کیا۔

مزید کہا گیا کہ تمام مستند سیکیورٹی ایڈوائزریز اور الرٹس صرف اور صرف محکمہ داخلہ سندھ یا اس کے مجاز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سرکاری ذرائع پر جاری کیے جاتے ہیں۔ ان ذرائع سے ہٹ کر گردش کرنے والے کسی بھی پیغام یا دستاویز کو غیر مستند اور گمراہ کن تصور کیا جائے۔
محکمہ نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات کو شیئر کرنے یا ان پر یقین کرنے سے گریز کریں اور اس قسم کی معلومات کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں۔
یہ بیان سیکشن آفیسر (آئی ایس) نذیر حسین مگسی کی جانب سے محکمہ داخلہ حکومتِ سندھ کی طرف سے جاری کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








