سوشل میڈیا پر جعلی چندہ مہم؛ غزہ متاثرین کے نام پر کروڑوں اینٹھنے والا گروہ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ انڈین میڈیا)

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں انسداد دہشتگردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے غزہ جنگ کے متاثرین کے نام پر مبینہ طور پر جعلی چندہ مہم چلانے کے الزام میں تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق ان افراد نے سوشل میڈیا پر ہمدردی سے بھرپور ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے ملک بھر سے کروڑوں روپے جمع کیے تاہم یہ رقم اصل متاثرین تک نہیں پہنچ سکی۔

اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ گرفتارکیے گئے نوجوانوں میں محمد ایان، زید نوٹیاراورابو صوفیان شامل ہیں جن کا تعلق مہاراشٹر کے علاقے بھیونڈی سے ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے انسٹاگرام اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے لوگوں سے امداد کی اپیل کی اور تقریباً پانچ کروڑ روپے اکٹھے کیے۔

پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمع شدہ رقم کا بڑا حصہ ذاتی اخراجات یا دیگر مشکوک سرگرمیوں میں استعمال کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تینوں افراد اپنی یو پی آئی آئی ڈی اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم وصول کر رہے تھے اور ان کے قبضے سے تین موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

اے ٹی ایس نے مقدمہ لکھنو میں درج کرلیا ہے اور ملزمان کو ممبئی کی عدالت میں پیش کر کے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد اتر پردیش منتقل کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بینک ٹرانزیکشنز اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مسافر خاتون یا اسمگلر؟ 40 کروڑ کی منشیات کے ساتھ گرفتار خاتون کی کہانی

واضح رہے کہ حکام بارہا عوام کو آن لائن چندہ مہمات سے متعلق محتاط رہنے اور مستند ذرائع سے تصدیق کے بعد ہی امداد دینے کی ہدایت دیتے رہے ہیں۔

Related Posts