ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کاجل اگروال کی موت سے متعلق خبریں گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں جس نے ان کے مداحوں کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا۔
سوشل میڈیا ایپس بالخصوص ٹک ٹاک پر مختلف ویڈیوز کے ذریعے یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ کاجل اگروال ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔

ان افواہوں نے چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں صارفین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور مداحوں کی جانب سے غم اور افسوس کے پیغامات بھی سامنے آنے لگے تاہم ان خبروں کی حقیقت کچھ اور ہی نکلی۔
کاجل اگروال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تازہ تصاویر اور اسٹوریز شیئر کی ہیں، جن سے یہ واضح ہوگیا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور اس وقت مالدیپ میں اپنی چھٹیاں گزار رہی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے نئی پوسٹس سامنے آنے کے بعد ان کی موت سے متعلق تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ثابت ہوگئیں۔
خیال رہے کہ کاجل اگروال جنوبی بھارتی سنیما کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں اور وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے تیلگو، تامل اور ہندی فلم انڈسٹری میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ بالی وُڈ میں ان کی فلم سنگم میں اجے دیوگن کے ساتھ اداکاری نے خاصی مقبولیت حاصل کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








