سارہ خان کے آنسو کس بات پر نکلے؟ فلک شبیر نے تحفے میں ایسا کیا دیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

سارہ خان
(فوٹو: آن لائن)

اداکارہ و ماڈل سارہ خان کو شریک حیات اور معروف گلوکار فلک شبیر نے قیمتی اور حیران کردینے والا تحفہ دے کر آنسو بہانے پر مجبور کردیا۔

آنسو صرف غم میں ہی نہیں، بلکہ خوشی کے موقعے پر بھی انسانی جذبات کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہیں۔ گلوکار فلک شبیر ماضی میں بھی متعدد مرتبہ اپنی اہلیہ سارہ خان سے اپنی گہری محبت کا اظہار کرنے کیلئے تحفے دے چکے ہیں جن کی ویڈیوز آج بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر حال ہی میں وی لاگ شیئر کرنے والے گلوکار فلک شبیر نے اداکارہ سارہ خان کو تحفے میں دئیے گئے خوبصورت فارم ہاؤس کی جھلک دکھائی۔ اداکارہ سارہ خان نے شوہر کے دئیے گئے قیمتی تحفے پر نہ صرف حیرت کا اظہار کیا بلکہ جذبات پر قابو ہی نہیں رکھ سکیں۔

اداکارہ سارہ خان نے تحفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آنسو بہا دئیے۔ گلوکار فلک شبیر کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے سارہ خان کیلئے فارم ہاؤس بنوا رہا تھا۔ فارم ہاؤس باہر سے دیہاتی طرزِ زندگی کا عکاس ہے جسے اندر سے جدید اشیاء سے سجایا گیا ہے اور پھلدار درخت بھی لگائے گئے ہیں۔

گلوکار فلک شبیر نے سارہ خان کو تحفے میں دئیے گئے فارم ہاؤس میں کینو، انگور، فالسے اور انجیر کی کاشت کروائی ہے۔ رواں برس فلک شبیر اداکارہ سارہ خان اور بیٹی عالیانہ ملک کو مرسیڈیز بینز جیسی قیمتی گاڑی بھی تحفے میں دے چکے ہیں۔ دونوں فنکاروں کی شادی جون 2020 میں ہوئی تھی۔

Related Posts