ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں باپ نے 8سالہ معصوم بچی کو ماں سمیت تشدد کا نشانہ بنایا اور بچی کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کے مطابق بچی کی والدہ شوہر سے خوفزدہ تھی جس نے پولیس تک حقائق نہیں پہنچنے دئیے اور مختلف ہسپتالوں سے بچی کا علاج جاری رکھا۔ ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کا کہنا ہے کہ بچی کو آگ لگانے والے ملزم کا نام طارق ہے اور وہ بچی کا سوتیلا باپ ہے۔
کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی ماں رابعہ کی پہلے امجد نامی شخص سے شادی ہوئی جس سے 8سال کی بچی ہے جس کا نام وانیہ رکھا گیا۔ 2 سال قبل خاتون نے ملزم سے شادی کی جس سے ایک بیٹا پیدا ہوا۔ ملزم نے 16فروری کو بچی پر تشدد کیا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم نے 16فروری کو ٹیوشن سے گھر آنے پر وانیہ سے مارپیٹ کی، خاتون کا بیان ہے کہ اس نے بچی کو بچایا تو شوہر نے اس پر بھی تشدد کیا اور بیٹی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ بچی کو بڑی مشکل سے بچایا ہے تو مجھے قتل کی دھمکیاں دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگانے کے نتیجے میں بچی کا جسم 25فیصد تک جھلس چکا ہے۔ بچی کا علاج کبھی سول ہسپتال تو کبھی نجی ہسپتال سے کرایا گیا۔ واقعے کا مقدمہ بچی کی والدہ رابعہ کی مدعیت میں سوتیلے باپ طارق کے خلاف درج کیا گیا ہے جو وقوعے کے بعد سے فرار ہے۔ ملزم کی تلاش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








