سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، عوام فوج کے خلاف مہم سے دور رہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں معروف سیاست دان فواد چوہدری نے کہا کہ سنننے میں آرہا ہے کہ آج تحریکِ انصاف پر پابندی کا معاملہ وفاقی کابینہ اجلاس میں اٹھایا جارہا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں۔
بیان میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ جو رکن آصف زرداری یا نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے، وہ مستقبل کی سیاست میں نظریں نہیں ملا سکے گا۔ آپ نے عمران خان کو 14ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے، کسی کو کیا فرق پڑا؟
سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن میں لوگوں نے انتخابی نشان ڈھونڈ کر اپنے من پسند نمائندوں کو اسمبلیوں میں بھیجا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس وقت مظلوم ہیں اور عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔عدالتوں کا حق سلب کرلیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں اور نہ ہی عوامی فیصلے مانے جارہے ہیں۔ پاکستان میں انتشار کی فضا پیدا کردی گئی ہے۔ ملک بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھ رہی ہے۔ اب ان کا ذہن ہے کہ پاکستان میں عدالتی عدم استحکام پیدا کیا جائے۔ آئندہ دنوں میں لوگوں کی مہنگائی کی وجہ سے مزید چیخیں نکلنی ہیں۔
عوام ملٹری کے خلاف مہم سے دور رہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر بیرون ملک بیٹھ کر عوام کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس مہم کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ ڈیجیٹل دہشت گردی پی ٹی آئی کی جانب سے نہیں ہورہی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








