وفاقی سطح پر گندم کی خریداری: رواں سال کی تفصیلات سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

گندم
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی سطح پر رواں سال گندم کی خریداری کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔ نجی کمپنیوں کو ملک بھر سے 3500روپے فی من کے حساب سے گندم کی خریداری کا ٹاسک دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گندم کی قیمت کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت وفاقی حکومت نے خود کو گندم کی خریداری سے الگ کرلیا۔ حکومت کی جگہ رواں برس گندم کے اسٹرٹیجک ذخائر کی خریداری کی ذمہ داری نجی شعبے کو دے دی گئی۔

حکومت گوداموں میں گندم کی مینٹیننس کے اخراجات ادا کرے گی۔ وفاق کے علاوہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کیلئے گندم کی خریداری کا ٹاسک نجی کمپنیوں کو دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خریداری میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی ایکویٹی ویلیو کی حد 1 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔

ایک ارب روپے سے نیچے کسی کمپنی کو شارٹ لسٹ نہیں کیاگیا، وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق مجموعی طور پر 20کمپنیوں کو گندم کی خریداری کی ذمہ داری دی جائے گی۔ نجی کمپنیاں وفاق کیلئے 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کیلئے نجی شعبہ 30لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کرے گا۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کیلئے نجی کمپنیاں 8 لاکھ میٹرک ٹن خریدیں گی جبکہ سندھ حکومت نے پرانے طریقہ کار کے تحت 12لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا فیصلہ کرلیا۔

Related Posts