قوم ہیروز کی مقروض! نشانِ حیدر میجر طفیل محمد شہید کی برسی پر بھرپور خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

Field Marshal Asim Munir, armed forces honor Major Tufail Shaheed’s supreme sacrifice
ONLINE

ملک بھر میں نشانِ حیدر کے حامل ہیرو میجر طفیل محمد شہید کی 67ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

اس موقع پر سپہ سالارِ پاکستان فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے میجر طفیل محمد شہید کی جرات اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

میجر طفیل محمد شہید 1914 میں ہوشیارپور میں پیدا ہوئے اور 1943 میں پنجاب رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی۔ 1958 میں انہیں کمپنی کمانڈر کے عہدے پر ترقی دے کر مشرقی پاکستان رائفلز میں تعینات کیا گیا، اس وقت مشرقی پاکستان کی صورتحال کشیدہ ہو چکی تھی۔

تاریخی ریکارڈ کے مطابق انہیں لکشمی پور کے علاقے میں بھارتی افواج کے مضبوط مورچوں کے خلاف آپریشن کی ذمہ داری سونپی گئی۔

7 اگست 1958 کو انہوں نے دشمن کی چوکیاں ختم کرتے ہوئے بہادری اور جرات کی ایسی تاریخ رقم کی کہ بھارتی فوج خوفزدہ ہو کر اپنے مردہ ساتھیوں کو چھوڑ کر پسپا ہو گئی۔

اس دست بدست لڑائی میں میجر طفیل محمد شدید زخمی ہوئے لیکن زخموں کی پرواہ کیے بغیر آخری لمحے تک لڑتے رہے اور اپنا مشن مکمل کیا۔ بالآخر وہ مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔

ان کی شجاعت، ثابت قدمی اور قیادت کے اعتراف میں انہیں پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز، نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی قربانیاں ملک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی ضمانت ہیں اور قوم ہمیشہ اپنے ان ہیروز کی مقروض رہے گی جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

Related Posts