کرائسٹ چرچ میں فیلڈ مارشل کی زبردست انٹری! مسیحی برادری کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مسلح افواج کی جانب سے تمام پاکستانی شہریوں کی عزت، سلامتی اور آئینی برابر حقوق کے تحفظ کی پختہ عہد کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی مسیحی برادری کی قومی ترقی اور سلامتی میں طویل عرصے سے جاری گرانقدر خدمات کو سراہا اور مسلح افواج میں مسیحی کمیونٹی کی نسلوں سے چلی آ رہی فخر انگیز اور ممتاز خدمات کی تعریف کی۔

سی ڈی ایف نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کی تنوع، برابر مواقع اور مشترکہ آئینی اقدار میں مضمر ہے جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے ماورا ہیں۔انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کی نظریاتی بنیاد کا بنیادی ستون قرار دیا۔

فیلڈ مارشل منیر کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق مساوات اور مذہبی آزادی ملک کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کو گرمجوشی سے کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مساوات اور مذہبی آزادی کے وژن کو اجاگر کیا۔

دورے کے دوران مسیحی کمیونٹی کے رہنماؤں نے وطن کے دفاع، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی اور سی ڈی ایف کی چرچ آمد پر شکریہ ادا کیا۔

یہ موقع پاکستان کی شناخت کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو مرکزی حیثیت دینے والا تھا جہاں تمام شہریوں کے لیے آئینی حقوق اور برابر سلوک پر زور دیا گیا۔

Related Posts