سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے ولیمہ کی تقریب ہوئی۔
ولیمہ کی تقریب شریف فارمز جاتی امرا رائے ونڈ میں ہوئی جس میں نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت وفاقی و صوبائی وزرا اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
دولہا جنید صفدر اپنی دلہن شانزے علی روحیل کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے تقریب میں پہنچے۔ دولہا جنید صفدر نے سفید شلوار اور گرے رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی، دلہن شانزے علی پنک عروسی لباس میں ملبوس تھیں۔ پنڈال کو بھی دلہن کے عروسی لباس کی نسبت سے پنک پھولوں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔
تقریب کے دوران سازندے فضا میں خوبصورت دھنوں کے سُر بکھیرتے رہے۔ نوازشریف، مریم نواز اور دولہا جنید صفدر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے۔
ولیمہ تقریب کیلئے جو کارڈ جاری کیا گیا وہ نواز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کی طرف سے تھا اور ولیمہ کی تقریب میں 700 کے قریب مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








