معروف فلمساز و اداکار فرحان اختر سے تنازعہ شدت اختیار کرگیا، ڈان 3 میں ابتدائی طور پر ہیرو کا کردار نبھانے کیلئے تیار بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی فلم سے اچانک علیحدگی کے باعث اداکار پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرحان اختر نے اداکار رنویر سنگھ کے خلاف باضابطہ شکایت اپریل کے دوران درج کرائی۔ رنویر سنگھ کو فلم ڈان 3 سے اچانک علیحدگی کے باعث فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز نے گزشتہ ہفتے معاملے کا جائزہ لے کر پیر کے روز پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس کے دوران فیصلہ سنایا گیا کہ رنویر سنگھ کے ساتھ فلم انڈسٹری میں کوئی بھی فنکار یا میک اپ آرٹسٹ کام نہ کریں، جب تک کہ ان کا فرحان اختر سے تنازعہ حل نہ ہوجائے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رنویر سنگھ کو صفائی دینے کیلئے بار بار بلایا گیا، تاہم انہوں نے حاضر ہونے کی بھی زحمت نہیں کی۔
دوسری جانب فرحان اختر کے پروڈکشن ہاؤس نے الزام عائد کیا ہے کہ رنویر سنگھ نے پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ 3 فلمیں کرنے کا معاہدہ تو کرلیا تاہم پراجیکٹ سے اچانک دستبرداری کے باعث پروڈکشن ہاؤس کو 40کروڑ سے زائد کا نقصان اتھانا پڑا جس میں بیرون ملک شوٹنگ سے قبل خریدے گئے ٹکٹس بھی شامل ہیں۔
فلم پروڈیوسرز نے رنویر سنگھ سے 45کروڑ بھارتی روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ ان معاملات پر عوامی سطح پر رائے دینا پسند نہیں کرتے بلکہ اپنے معاملات کو باوقار رکھنا چاہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پابندی کے باعث رنویر سنگھ بھارت میں کوئی نئی فلم سائن تو کرسکتے ہیں، لیکن کام جاری رکھنا ان کیلئے مشکل ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








