واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نان فائلرز گاڑیاں اور جائیداد نہیں خرید سکیں گے تاہم حکومت کسی کو ٹیکس کیلئے ہراساں نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کو نان فائلرز سے متعلق قانونی کور کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت نان فائلرز کی اصطلاح کو ہی ختم کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا میں ہماری اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں مثبت رہیں، اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے پاکستان میں مہنگائی کی کمی کی تعریف کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریٹنگ ایجنسیاں کہتی ہیں کہ پاکستان کی معاشی سمت درست ہے، ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو قرض نہیں، گرانٹ ملے گی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ گفتگو بھی تعمیری رہی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ھکومت کوشش کرے گی آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری پروگرام ہو، پاکستان کے اقدامات کے باعث ملک میکرو اکنامک استحکام کی طرف گامزن ہے، ضروری ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کیے جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








