سری نگر: غیرقانونی بھارتی قبضہ مسترد کرنے والی مظلوم کشمیری مقبوضہ وادی میں، کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں آج 27 اکتوبر کے روز یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یومِ سیاہ منانے کا مقصد جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز اور غیر قانونی قبضے کو مسترد کرنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارت نے1947ء میں 27 اکتوبر کے روز تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارت نے مظلوم کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس جموں وکشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر ناجائز اور ظالمانہ قبضہ کیا۔حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیری قوم بھارت کے ظلم و استبداد کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔
حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ایک جائز جدوجہد ہے جس کو اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے تسلیم کیا۔ بھارت کا قبضہ کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔آج یومِ سیاہ کے موقعے پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے بھارت نے مقبوضہ وادی میں پابندیاں مزید سخت کردیں۔
بھارت کی جانب سے سری نگر سمیت وادی کشمیر کے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی جبکہ نقل و حرکت روکنے کیلئے ناکے لگا دئیے گئے جبکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگی اور بے نامی قبروں کے معاملات پر کشمیریوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








