بالی ووڈ کے سینئر اور مزاحیہ اداکار راجپال یادو مالی مشکلات کے باعث مشکل وقت سے گزر رہے ہیں جس پر کئی بڑے اداکار اور انڈسٹری کے نامور شخصیات آگے آئی ہیں۔ سلمان خان، اجے دیوگن اور نوازالدین صدیقی سمیت متعدد فنکاروں نے ان کی مالی مدد کی پیشکش کی ہے۔
راجپال یادو تقریباً 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ ہفتے عدالت کے حکم پر خود کو پیش کیا۔ یہ کیس 2010 میں ان کی فلم ‘اٹا پٹا لاپٹا’ کی ناکامی سے جڑا ہوا ہے جس کے لیے لیے گئے قرض کی ادائیگی نہ ہونے پر قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
راجپال کے مینیجر گولڈی نے میڈیا کو بتایا کہ سلمان خان اور اجے دیوگن نے مالی مدد کی پیشکش کی ہے۔ نوازالدین صدیقی نے بھی فون پر رابطہ کر کے حمایت اور مالی امداد کی یقین دہانی کروائی۔
اس سے قبل اداکار سونو سود نے اعلان کیا تھا کہ وہ راجپال کو اپنی آنے والی فلم میں کام دیں گے اور پیشگی فیس بھی ادا کریں گے۔ سونو سود نے سوشل میڈیا پر لکھاکہ حالات کبھی سخت ہو جاتے ہیں لیکن یہ صلاحیت کی کمی نہیں۔ ایسے وقت میں انڈسٹری کو ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہیے۔
دیگر فنکار جنہوں نے مالی مدد کی پیشکش کی ان میں ورن دھون، ڈیوڈ دھون، گرمیت چودھری، مائیکا سنگھ اور سیاستدان تیج پرتاپ یادو شامل ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا۔ کئی پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز نے بھی راجپال سے رابطہ کیا ہے۔
راجپال کی اہلیہ رادھا یادو نے بالی ووڈ کا شکریہ ادا کیا کہ مشکل وقت میں ان کے شوہر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 12 فروری 2026 کو ضمانت کی سماعت ہو رہی ہے اور مینیجر کے مطابق اس صنعت کی حمایت سے راجپال جلد رہا ہو سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








