کراچی کی معروف آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹیکنوسٹی کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، 12ویں منزل پر ہونے والی آتشزدگی متأثرہ علاقے کے قرب و جوار میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکنو سٹی پر آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیوں کا آغاز ہوا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلئے انتھک کوششیں کی گئی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 2 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر استعمال کیا گیا۔ شدید کوششوں کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔آتشزدگی عمارت کے دیگر حصوں تک نہیں پھیل سکی۔
اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فائر آفیسر ظفر خان نے بتایا کہ آگ ٹیکنو سٹی کی بارہویں منزل پر واقع ایک دفتر میں لگی تھی، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بروقت کارروائی کے باعث عمارت کے دیگر حصوں کو بچا لیا گیا ہے۔۔
تاہم ایک رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے باعث کچھ دیر کے لیے علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ عمارت میں موجود افراد کو احتیاطی تدابیر کے تحت باہر نکال لیا گیا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








