کراچی: ڈیفنس میں تیز رفتار گاڑی نے 15سالہ لڑکے کو ٹکر مار دی

تازہ ترین

تازہ ترین

جاں بحق
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تیزرفتار گاڑی نے 15سالہ لڑکے کو ٹکر مار دی۔ ڈیفنس فیز 8 میں گاڑی کے تصادم سے 15 سالہ کامل جان کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ڈیفنس کے فیز 8 میں پیش آیا جہاں تیز رفتار گاڑی کے تصادم کے باعث 15سالہ بچہ دم توڑ گیا۔ تیزرفتار گاڑی نے موتر سائیکل کو ٹکر ماری تھی، جس کے بعد ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق بچے کی لاش جناح ہسپتال منتقل کردی گئی۔ متوفی لڑکے کی شناخت 15سالہ کامل ولد کلیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیزرفتاری کا نتیجہ تھا یا حادثے کے دیگر پہلو بھی تھے، تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جبکہ حادثے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور کو جلد تلاش کرکے گرفتار کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے سائٹ ایریا میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، واقعے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

گزشتہ برس دسمبر کے دوران سائٹ ایریا میں یہ افسوسناک واقعہ حبیب بینک چورنگی کے قریب پیش آیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص کی میت کو ایدھی کے رضاکاروں نے رسمی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا۔

جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی جس کی عمر کا تخمینہ 30 سال کے لگ بھگ لگایا گیا تھا۔ سائٹ پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کو کچلنے کے بعد ٹینکر ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

Related Posts