راولپنڈی کے علاقے روات کی ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مختلف اداروں کی 25 سے زائد گاڑیاں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ روات کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع 2 منزلہ ٹیکسٹائل فیکٹری میں پیش آیا، تشویشناک طور پر 16 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔ فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی 25 سے زائد گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔
حکام کا ماننا ہے کہ آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا اس لیے ہے کیونکہ فیکٹری میں کپڑے اور دیگر آتش گیر مواد موجود ہے۔ گزشتہ شام لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس سے فیکٹری میں بھاری نقصان ہوا ہے تاہم کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے کورال کی ایک دکان میں آگ لگ گئی تھی، خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 3افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
گزشتہ ماہ آگ کورال کے علاقے شریف آباد میں واقع ایک دکان میں لگی۔ ریسکیو اہلکار واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








