ایران پر امریکا و اسرائیل کے جاری حملوں اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متأثر ہے، پاکستان سے درجنوں بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے بحرین، دوحہ، ابوظہبی اور دوبئی جانے والی 55 پروازیں آج بھی منسوخ کردی گئیں۔ گزشتہ 13روز میں پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1 ہزار 739تک جا پہنچی۔
آج کراچی سے بحرین، دوحہ، ابوظہبی، دبئی اور نجف جانے والی 14 جبکہ لاہور سے ابوظہبی، دوحہ، جدہ، دبئی، شارجہ اور بحرین کی 14پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ اسلام آباد سے بھی دوحہ، ابوظہبی، دمام، دبئی، ریاض، بغرین، شارجہ اور جدہ جانے والی 25پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔
اسی طرح سیالکوٹ سے دوحہ جانے والی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں جکہ 6پروازوں کی منسوخی کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلائٹس شیڈول کے مطابق اپنے وقت پر روانہ ہوں گی۔
تاہم پاکستان کیلئے ابوظہبی، دبئی، راس الخیمہ، شارجہ اور فجیرہ سے آنے والی پروازوں کا شیڈول بھی متأثر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق دبئی کی 123، ابوظہبی کی 47، شارجہ اور راس الخیمہ کی 17، 17 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
خیال رہے کہ پروازوں کی منسوخی کے باعث بین الاقوامی سطح پر ایک ملک سے دوسرے ملک اور خاص طور پر عرب ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پروازیں منسوخ ہونے کے باعث تاجر برادری سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








