سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر حیات نے اپنے شوہر سمیع رشید سے طلاق کے حوالے سے ایک نہایت جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی کے دوران ذہنی اور جسمانی تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی دو حصوں پر مشتمل ویڈیو (جو یوٹیوب پر بھی موجود ہے) میں سحر حیات نے کھل کر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ کئی ماہ تک خاموش رہیں اور اس دوران انہیں مسلسل زبانی بدسلوکی، بے عزتی اور یہاں تک کہ جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا حتیٰ کہ دورانِ حمل بھی ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
سحر کے مطابق ان کی شادی میں شروع سے ہی اعتماد کے مسائل موجود تھے۔ انہوں نے حق مہر کے معاملے پر بھی تنازع کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میں ان کی لاعلمی میں تبدیلی کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سامی رشید پر مالی بددیانتی کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ شادی سمیت دیگر اخراجات میں انہوں نے خود بھی نمایاں مالی حصہ ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ طویل عرصے تک ذہنی دباؤ کا شکار رہیں اور رشتہ بچانے کی کوششیں کرتی رہیں تاہم حالات بہتر نہ ہو سکے جس کے بعد انہوں نے خلع لینے کا فیصلہ کیا۔
سحر حیات کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حق میں ردعمل سامنے آیا جہاں متعدد افراد نے ان کی ہمت کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں ذمہ داران کا احتساب ہونا چاہیے، ساتھ ہی خواتین اور بچوں کو عوامی سطح پر ہراسانی سے محفوظ رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








