اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بھی پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ اس روز جو کچھ ہوا برا ہوا لہٰذا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی ملک کی بقا اور سلامتی کےلیے قربانیاں ہیں، یادگار شہدا، جی ایچ کیو اور فوجی تنصیابت پر حملہ کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے، انہوں نے جی ایچ کیو،کورکمانڈر ہاوس پرنہیں پاکستان کے دل پر حملہ کیا، میں ان تمام ناپاک عزائم اورناپاک اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔
اپنی عزت پرسمجھوتہ نہیں کرینگے، پارلیمنٹ سے پیغام جانا چاہئے۔خواجہ آصف
غلام سرور کا کہنا تھا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے، جن لوگوں نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محاذ آرائی پالیسی سے اختلاف پارٹی کے ہر فورم پر بھی کیا، ہمیں محاذ آرائی اور اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد میں چھپے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان، سابق ایم این اے منصور حیات اور سابق ایم پی اے عمار صدیق کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








