سیالکوٹ کے علاقے ساہووالہ میں ایک افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں ریورنڈ فادر مشتاق پیارا انتقال کر گئے جبکہ ان کے ہمراہ موجود ریورنڈ فادر ظفر تنویر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں فادرز ایک دورے پر کیتھولک چرچ ساہووالہ جا رہے تھے۔
مرے کالج روڈ سیالکوٹ کے اٹاری چرچ پیرش سے تعلق رکھنے والے دونوں فادر صاحبان ساہووالہ کے تاریخی چرچ کے ریورنڈ فادر محبوب ایورسٹ سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
مبینہ طور پر راستے کی غلط نشاندہی کے باعث وہ پھاٹک کی بجائے ایک متبادل راستے سے ساہووالہ کی طرف جا رہے تھے۔
اسی دوران اچانک ٹرین ان کی گاڑی کے قریب آن پہنچی۔ فادر مشتاق پیارا نے ڈرائیونگ سیٹ سے اتر کر جان بچانے کی کوشش کی مگر بدقسمتی سے وہ ٹرین کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی انتقال کر گئے جبکہ فادر ظفر تنویر کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی شہری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ٹرین کے متعدد مسافر بھی رک کر اس افسوسناک منظر کو دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے۔
ریورنڈ فادر مشتاق پیارا یکم جولائی 1976 کو ضلع نارووال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 29 اپریل 2006 کو اپنی کاہنانہ خدمت کا آغاز کیا اور اپنی پوری زندگی مسیحی برادری کی خدمت اور روحانی رہنمائی کے لیے وقف کر دی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ریورنڈ فادر مشتاق پیارا کو نارووال میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
اس آلٹو والے کو بہت جلدی تھی، ٹرین کے دھکے سے پوری گاڑی کا کباڑا نکل گیا۔۔ pic.twitter.com/xlXaJiMBtQ
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) August 17, 2025
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








