نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی ای سہولت فرنچائز سینٹرز کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو شناختی خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا اور دفاتر پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق نادرا نے لاہور میں 173 ای سہولت مراکز کو اضافی خدمات فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ بنیادی سہولیات شہریوں کو ان کے قریبی علاقوں میں ہی میسر آ سکیں۔
یہ مراکز جو عموماً مقامی دکانوں یا ریٹیل آؤٹ لیٹس کے ذریعے کام کرتے ہیں اب 10 سال سے کم عمر بچوں کے لیے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (بی فارم) کے اجرا کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی تجدید اور گمشدگی کی صورت میں ڈپلیکیٹ کارڈ کے اجرا کی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
مزید برآں ان مراکز پر انتقال کر جانے والے افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کی سہولت بھی شامل کر دی گئی ہے جس سے اہل خانہ کے لیے سرکاری امور کو نمٹانا آسان ہو جائے گا۔
یہ اقدام نادرا کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ادارہ اپنی خدمات کو مرکزیت سے نکال کر مقامی سطح تک منتقل کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو ضروری دستاویزات کے حصول کے لیے بڑے مراکز کا رخ نہ کرنا پڑے اور انہیں اپنے ہی علاقوں میں سہولت میسر آ سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








