پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کی جھوٹی اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا مہم کا موثر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسا جواب دے گا جسے دشمن کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے اپنے حالیہ بیان میں بھارتی فوجی قیادت کی بے بنیاد اور سیاسی مقاصد کے تحت پھیلائی گئی مہم کو سختی سے مسترد کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی قیادت ایک بار پھر بے بنیاد دعووں اور پروپیگنڈا میں مصروف ہے جس کا مقصد بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا ہے خاص طور پر جنگ کے پانچ ماہ بعد اس طرح کی کوششیں سامنے آئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے خیالی بیانات پر شدید تشویش ہے۔ یہ غیرذمہ دارانہ رویہ نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک ایٹمی طاقت کی فوجی قیادت اگر سیاسی دباؤ میں آ کر ایسے غیر سنجیدہ بیانات دے تو یہ خطرناک صورتحال کو جنم دے سکتی ہے۔ بھارت میں عوام اور بین الاقوامی برادری کو جو جھوٹ دکھایا جا رہا ہے اس سے خود بھارتی فوج دنیا بھر میں مذاق بن چکی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی قیادت بلاوجہ اشتعال انگیز بیانات دے کر جنوبی ایشیا میں جنگی جنون کو ہوا دے رہی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارت اپنی مرضی کے مطابق تاریخ کو موڑنے کی کوشش کر رہا ہے جس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








