پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گیس کے کنویں سے 8 سال بعد پیداوار دوبارہ بحال کرنے کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے، گیس کی پیداوار شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کے ضلع مٹیاری بلاک آدم ویسٹ میں کنویں پر گیس بحالی کا آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا، جہاں گیس کا کنواں دوبارہ آپریشنل ہوجائے گا۔
پی پی ایل کے مطابق گیس کی پیداوار کیلئے کنواں 2014 میں کھودا گیا جس سے گیس 2015 میں دریافت ہوئی تھی، جبکہ 2019 میں اسی مقام پر پانی نکل آیا اور گیس کی پیداوار بند ہوگئی تھی، جس کی بحالی کیلئے آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کی کامیابی کے بعد کنویں سے یومیہ 85لاکھ کیوبک فٹ گیس حاصل ہورہی ہے، کنواں 65فیصد پی پی ایل جبکہ 35فیصد ماڑی انرجیز کا ہے، جبکہ کنویں سے پیداوار کی بحالی کا یہ واقعہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2025 میں بھی پاکستان کو ایک ایسی کامیابی ملی تھی جب چکوال میں ساڑھے 4 سال سے بند تیل کے کنویں سے دوبارہ پیداوار شروع ہوگئی۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے مارچ میں اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں کہاگیا کہ ضلع چکوال میں راجین آئل فیلڈ میں واقع کنویں سے ہیوی آئل کی پروڈکشن بحال ہوگئی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ راجین ٹوکنویں سے یومیہ ایک ہزار بیرل خام تیل نکل رہاہے۔ کنویں کی بحالی کمپنی کی ایڈوانس آرٹیفیشل لفٹ ٹیکنالوجی سے ممکن ہوئی۔ اوجی ڈی سی ایل کے مطابق کنویں پرالیکٹرک پمپ کی تنصیب کرکے 3774 میٹرگہرائی تک کھدائی کی گئی کنواں 100 فیصد اوجی ڈی سی ایل کی ملکیت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








