میرپورخاص: جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان میں زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ضلع میر پورخاص میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن قونصلر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے کافی گہرے تجارتی تعلقات ہیں، جرمنی پاکستان کا اہم تجارتی شریک ہے، جرمن کمپنیاں یہاں ٹیکسٹائل، مشینری سمیت مختلف شعبہ جات میں کافی عرصے سے کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ چند ہفتوں میں جرمن تاجروں کے وفد کو یہاں لائیں، کوشش ہے کہ یہاں جرمن کاروباری شخصیات کی توجہ مرکوز کرائی جائے، یہاں دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافے کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔
پاکستان کی کرسٹینا پیٹر نے ورلڈویمن سمٹ فاونڈیشن کا ایوارڈ جیت لیا
جرمنی کے قونصلر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں دونوں ممالک کے درمیان مشینری، کار انڈسڑی کیلئے پرزوں کی فراہمی، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں طویل المدتی اشتراک ہوسکتا ہے ان شعبوں کیلئے پاکستان میں ہماری دلچسپی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانا اہم ہے کیونکہ ہم ایشیا میں مختلف شعبہ جات میں اپنی موجودگی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، پاکستان ایک مختلف النوع مواقع والا ملک ہے جہاں سرمایہ کاری کرکے فوائد حاصل کرنے کے شاندار مواقع موجود ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








