واشنگٹن: امریکا نے افغانستان کے اقتدار پر قابض طالبان حکومت کے اعلیٰ حکام کو ویزوں کے اجراء پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ پابندیاں لگانے کا اعلان وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت نے افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم میں رکاوٹ ڈالنے کا جواز پیش کرتے ہوئے طالبان حکام پر پابندیاں عائد کیں۔ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ طالبان کے موجودہ و سابق حکام خواتین کو دبانے میں ملوث ہیں۔
آرمی چیف کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ طالبان حکام کو ویزے جاری نہیں کریں گے۔ طالبان نے تمام افغانوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ افغانستان میں خواتین کو ملازمتوں کے انتخاب میں آزادی نہیں دی جارہی۔
وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے دیگر ممالک سے بھی افغانستان میں موجود طالبان رہنماؤں پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ امریکی حکومت نے یہ بیان لڑکیوں کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کیا جس کا مقصد بظاہر حقوقِ نسواں کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں لڑکیوں کا عالمی دن ہر سال 11 اکتوبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد بچیوں کو درپیش مسائل بشمول صنفی امتیاز، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبرو تشدد کے خلاف آواز اٹھانا اور مردوزن کیلئے مساوی مواقع کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








