پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں دو روزہ کمی کے بعد جمعرات کو ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونا فی تولہ 3700 روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 62 روپے فی تولہ تک پہنچ گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام 24 قیراط سونا 3122 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 62 ہزار 727 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونا 2935 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 32 ہزار 493 روپے تک جا پہنچا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس سونا 4007 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور جیو پولیٹیکل تناؤ کے باعث سرمایہ کار دوبارہ سونا خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست اثر پڑا ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ملک بھر میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 90 روپے اضافے سے 5112 روپے ہو گئی جبکہ 10 گرام چاندی 4382 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ممکن ہے لہٰذا خریداروں کو سرمایہ کاری میں احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








