جنوبی افریقہ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے دوسرے ون ڈے میں شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف آسان فتح دلائی اور سیریز 1-1 پر برابر کر دی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے مقررہ 270 رنز کا ہدف صرف دو وکٹیں گنوا کر 41ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
کوئنٹن ڈی کوک اور ٹونی ڈی زورزی کے درمیان 153 رنز کی مضبوط شراکت نے پروٹیز کی فتح کو یقینی بنایا۔ ڈی کوک 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے آٹھ چوکے اور سات چھکے لگائے۔ ان کے ساتھی ٹونی ڈی زورزی نے 76 رنز بنائے اور اوپنر لہان ڈی پریٹوریئس نے 46 رنز سے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 59 اور سیم ایوب 53 رنز کے ساتھ مددگار ثابت ہوئے۔
ابتدائی بیٹنگ لائن اچھی نہیں چل سکی اور تین وکٹیں صرف 22 رنز پر گر گئیں لیکن سلمان آغا اور سیم ایوب نے 91 رنز کی اہم شراکت کر کے اننگز کو سنبھالا۔ بعد میں سلمان آغا نے محمد نواز کے ساتھ 59 اور فہیم اشرف کے ساتھ 43 رنز کی شراکت کی، جس سے پاکستان 131/5 سے باہر نکلا۔
ابتدائی وکٹوں میں فخر زمان صفر پر آوٹ ہوئے، بابر اعظم صرف 11 اور محمد رضوان 4 رنز پر آوٹ ہوئے۔ حسین طلال 10، فہیم اشرف 28 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی صرف 1 رن بنا سکے۔ محمد وسیم جونیئر اور نسیم شاہ آخر تک ناقابل شکست رہے۔
جنوبی افریقہ کے نانڈر برگر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نگبا یمزی 3 اور کوربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں دو تبدیلیاں کیں فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے حسن نواز اور ابرار احمد کی جگہ ٹیم میں شمولیت کی۔سیریز کا فیصلہ کن تیسرا میچ 8 نومبر کو اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








