خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین بڑی خوشخبری؛ احساس ای پنشن سسٹم متعارف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کیلئے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جسکے تحت اب ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے حصول میں درپیش تاخیر اور مشکلات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے احساس ای پنشن سسٹم کے باقاعدہ آغاز کی منظوری دے دی ہے جو یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے اس نئے نظام کے لیے باقاعدہ تصوراتی خاکہ (کانسپٹ پیپر) تیار کر لیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کے لیے محکمہ خزانہ کو احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نئے سسٹم کے تحت2026 کے آغاز سے ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کو پنشن کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے روایتی کاغذی نظام کو ختم کر کے مکمل پیپر لیس سسٹم نافذ کیا جائے گا۔

ای پنشن سسٹم ایک جدید ویب بیسڈ ڈیش بورڈ پر مبنی ہوگا جس کے تحت ملازمین اپنی ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ایک سادہ آن لائن فارم پُر کرکے پنشن کی درخواست جمع کروا سکیں گے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے پنشن کے پراسیس کا دورانیہ مہینوں سے کم ہو کر صرف دو سے چار ہفتے رہ جائے گا، جس سے پنشنرز کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

Related Posts