پاکستان کے عوام اگست 2025 میں ایک چار روزہ تعطیلاتی وقفے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ یومِ آزادی اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر تعطیلات ہفتے کے وسط میں آ رہی ہیں جن کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کا ویک اینڈ بھی شامل ہے۔
کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات 14 اگست کو ملک بھر میں یومِ آزادی کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے فوراً بعد جمعہ 15 اگست کو چہلم حضرت امام حسینؓ کا دن آ رہا ہے۔ اگرچہ یہ دن وفاقی سطح پر رواں برس سرکاری تعطیلات کی فہرست میں شامل نہیں تاہم مقامی حکومتوں کی جانب سے بڑے شہروں میں تعطیل دیئے جانے کا امکان ہے۔
اس ترتیب کے تحت 14 سے 17 اگست تک یعنی جمعرات سے اتوار تک ملک بھر میں چار مسلسل تعطیلات کا امکان ہے۔ اس دوران شہری نہ صرف قومی دن کی خوشیوں میں شریک ہوں گے بلکہ چہلم کے موقع پر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور جلوسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
حکام نے دونوں مواقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ یومِ آزادی کی تقریبات اور چہلم کے جلوس پُرامن ماحول میں منعقد کیے جا سکیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
شہریوں کی جانب سے اس طویل تعطیلاتی وقفے پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کئی افراد نے ان دنوں میں سیاحت، اہلِ خانہ سے ملاقات یا مذہبی عبادات کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کے منتظر شہری توقع کر رہے ہیں کہ مقامی تعطیلات کی بھی جلد توثیق ہو جائے گی۔
یہ طویل وقفہ نہ صرف عوام کو ذہنی سکون اور خاندانی وقت گزارنے کا موقع دے گا بلکہ مذہبی اور قومی اہمیت کے ان دو مواقع کو بہتر طریقے سے منانے کا بھی موقع فراہم کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








