اگر آپ سندھ میں اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کی ملکیت کسی دوسرے فرد کو منتقل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے کچھ اہم مراحل اور دستاویزات کا جاننا ضروری ہے۔
حکومت سندھ نے اس عمل کو زیادہ شفاف، محفوظ اور آسان بنانے کے لیے بایومیٹرک تصدیق اور ڈیجیٹل ادائیگی سمیت کئی سہولتیں متعارف کروائی ہیں۔ ذیل میں ملکیت منتقلی کا مرحلہ وار طریقہ بیان کیا گیا ہے۔
سب سے پہلے خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو نادرا یا ای سہولت سینٹر جا کر بائیومیٹرک تصدیق کرانا ہوتی ہے۔ اس کے بعد ایک تحریری سیل ایگریمنٹ (فروخت کا معاہدہ) اسٹامپ پیپر پر تیار کریں۔
اس معاہدے کے ساتھ آپ کو کراچی کے سوک سینٹر جانا ہوگا، جہاں سب سے پہلے معلوماتی کاؤنٹر سے ٹوکن لینا ہوتا ہے۔ اس کے بعدآپ کو ملکیت کی منتقلی کے لیے ایک مخصوص فارم دیا جائے گا جسے مکمل بھر کر مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جمع کروانا ہوگا۔
اس عمل کے اگلے مرحلے میں ٹرانسفر فیس اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہوگی جو کہ محکمہ ایکسائز کے کاؤنٹر پر نقدیا ڈیجیٹل طریقے سے بھی کی جا سکتی ہے۔ ادائیگی کے بعد آپ کو رسید جاری کی جائے گی۔
دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے پر، خریدار کے نام پر نئی اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ جاری کر دی جائے گی۔ عام طور پر یہ عمل 5 سے 15 ورکنگ دن میں مکمل ہو جاتا ہے۔
ضروری دستاویزات:
فروخت کنندہ (سیلر) کے لیے:
اصل رجسٹریشن بُک یا اسمارٹ کارڈ
فروخت کا معاہدہ (سیل ایگریمنٹ)
قومی شناختی کارڈ کی کاپی
کلیرنس سرٹیفکیٹ
دستخط شدہ ملکیت منتقلی کی درخواست
حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر
خریدار کے لیے:
قومی شناختی کارڈ کی کاپی
پاسپورٹ سائز تصویر
موٹر وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ
پتہ کا ثبوت (ایڈریس پروف)
گاڑی کا معائنہ سرٹیفکیٹ
یہ عمل صرف قانونی ملکیت کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے نہیں بلکہ مستقبل میں کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لیے بھی ضروری ہے،مزید یہ کہ بائیومیٹرک تصدیق کی آخری تاریخ 14 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے، لہٰذا بروقت کارروائی یقینی بنائیں۔
یہ اقدامات شہریوں کو محفوظ، تیز اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور اس کے ذریعے نہ صرف جعلسازی کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








