مظفرآباد: آزاد کشمیر میں مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تعلیمی اداروں میں دو روزہ تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت آزاد کشمیر نے موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر 15 اور 16 اگست کو تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ عوام اور طلبہ کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سیلابی ریلے میں جاں بحق ہوگئے۔
باغ میں شدید بارش کے باعث نالے اور دریا اُبل پڑے جبکہ سماہنی میں بھمبر نالہ طغیانی کی لپیٹ میں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات برقرار ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہونے پر تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








