اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 10 روپے سے لے کر 5000روپے تک تمام کرنسی نوٹ بدلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومت نے پرانے نوٹوں کی تبدیلی کیلئے ٹائم لائن دےد ی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ کوئی نوٹ بند نہیں ہوگا، لیکن تمام کرنسی نوٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی کردی جائے گی۔ حکومت نے تمام بینکس کو نوٹوں کی تبدیلی کیلئے ٹائم لائن سے آگاہ کردیا۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ برس 2025 کے دوران ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ 10روپے سے لے کر 5000روپے تک جو تمام کرنسی نوٹس ہیں جس میں 10روپے، 20 روپے، 50روپے، 100روپے، 500روپے، 1000روپے اور 5000روپے کے نوٹس شامل ہیں، سب کا ڈیزائن بدلا جائے گا۔
یہی نہیں، بلکہ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ کرنسی نوٹس کے ڈیزائنز کے ساتھ ساتھ ان کے فیچرز کو بھی تبدیل کردیا جائے جبکہ عوام کے ہاتھوں میں اس وقت جو کرنسی موجود ہے اور جس کا انہوں نے لین دین کررکھا ہے، اس کا مجموعی حجم 10ہزار260 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔
حکام کا ماننا ہے کہ سال 2024 سے 2025 کے دوران عوام کے زیر استعمال کرنسی نوٹس کی قدر میں 1000ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ وفاقی حکومت ملک کی معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کی جانب لے کر جانا چاہتی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کیش لیس اکانومی پر منتقل ہونے کی جانب جارہا ہے۔
فیصلے کے تحت تمام نئے کرنسی نوٹس کو رواں سال 2026 کے دوران متعارف کرادیا جائے گا اور کاغذ کی کرنسی کے ساتھ ساتھ ایک نوٹ پلاسٹک کا بھی متعارف کرایا جائے گا اور اگر پلاسٹک کرنسی کی لائف کاغذ کی کرنسی کے مقابلے میں بہتر سمجھی گئی تو مستقبل میں یہی استعمال ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








