شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے 146ویں یومِ ولادت کے موقعے پر مزارِ اقبال پر پاک بحریہ کے گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ دستے نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تھے۔
مہمانِ خصوصی کموڈور ساجد حسین نے مزارِ اقبال پر حاضری کے دوران گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا، مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔
حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 146واں یومِ ولادت آج منایا جارہا ہے
تقریب کے مہمانِ خصوصی کموڈور ساجد حسین نے مزارِ اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ علامہ اقبال کے یومِ پیدائش کے موقعے پر ہر سال گارڈز تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ اپنے فرائض سنبھالتا ہے۔ گارڈز نے اپنے فرائض سنبھال لیے۔
خیال رہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 146واں یومِ ولادت ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے جبکہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے مسلمانانِ برصغیر میں آزادی کیلئے تڑپ پیدا کی۔
بیسویں صدی کے عالمی شہرت یافتہ شاعر، دانشور، صوفی اور فلسفی علامہ محمد اقبال نے 9 نومبر 1877ء کو پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں جنم لیا جبکہ آپ نے فلسفے، عربی اور فارسی زبان پر عبور حاصل کرکے اسلامی فکر کو ترویج دینے کیلئے شاعری کی۔قوم علامہ اقبال کے یومِ ولادت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








