گل پلازہ سانحہ! کاپر، تاریں اور قیمتی اسکریپ غائب؛ ملبہ اٹھانے والے 2 ڈمپر کہاں گئے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں آتشزدگی کے کے بعد ملبے کے دو ڈمپر غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ڈمپرز میں کاپر، سریا، تاریں اور قیمتی اسکریپ موجود تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، جاوید نبی کھوسو نے دعویٰ کیا ہے کہ متاثرین کا سامان مکمل محفوظ ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرین کی چیزیں امانت کے طور پر محفوظ ہیں تاہم گزشتہ روز ملبے کے دو ڈمپر غائب ہو گئے ہیں جن کی جلد بازیابی یقینی بنائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق گل پلازہ کے ملبے کو اٹھانے کا کام گزشتہ دو روز سے جاری ہے اور یہ کام تکنیکی احتیاط کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے۔ اب تک 28 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ عمارت کا 40 فیصد سے زائد حصہ منہدم ہو چکا ہے۔ عمارت کا وزن کم کرنے کے لیے ایئر کنڈیشنر بھی ہٹائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ متاثرین کے دکھ کو سمجھ سکتے ہیں اور لواحقین چاہتے ہیں کہ لاشوں کی شناخت جلد از جلد کی جائے۔ آگ لگنے کے بعد سے ہی انفارمیشن ڈیسک کام کر رہا ہے تاکہ متاثرین کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔ رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ایس بی سی اے کی رپورٹ کے بعد اس کے حوالے سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملبہ منتقل کرنے کے لیے گزشتہ روز آٹھ ڈمپرز استعمال کیے گئے تھے جن میں سے دو ڈمپر غائب ہو گئے جن میں تاریں اور کاپر موجود تھے۔ یہ دونوں ڈمپر گل پلازہ سے روانہ ہوئے لیکن ڈمپنگ پوائنٹ تک نہیں پہنچے۔ ڈی سی ساؤتھ نے غائب ڈمپرز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور ان کے حوالے سے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

Related Posts