خلیجی ممالک کا شینجن طرز کا ٹریول سسٹم کب سے شروع! مسافروں کو کیا کیا سہولیات ملیں گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Travel
PHOTO: ONLINE

کویت سٹی: خلیج تعاون کونسل نے ون اسٹاپ ٹریول سسٹم کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت رکن ممالک کے شہری اب تمام سفری کارروائیاں ایک ہی مقام پر مکمل کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد خلیجی خطے میں سفری عمل کو تیز، مؤثر اور مربوط بنانا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے اعلان کیا کہ اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا جو ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان فضائی سفر پر مشتمل ہوگا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو منصوبے کو مرحلہ وار تمام رکن ممالک تک وسعت دی جائے گی۔

اس نئے نظام کے تحت خلیجی ممالک کے شہری اپنے روانگی کے مقام پر ہی امیگریشن، کسٹم اور سیکورٹی چیک کی تمام کارروائیاں مکمل کر سکیں گے جس کے بعد اگلے ممالک میں دوبارہ جانچ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس اقدام سے سفری وقت میں نمایاں کمی اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ متوقع ہے۔

یہ فیصلہ جی سی سی وزرائے داخلہ کی 42ویں میٹنگ میں کیا گیا، جو کویت سٹی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں 2025 تا 2028 کی خلیجی انسدادِ منشیات حکمتِ عملی کا جائزہ بھی لیا گیا اور رکن ممالک کے درمیان ٹریفک قوانین اور خلاف ورزیوں کے نظام کو جدید اور منسلک کرنے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

جاسم البدیوی نے کویت نیوز ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ نیا سسٹم ایک متحدہ الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے چلایا جائے گا، جو سفری معلومات اور خلاف ورزیوں کا ریکارڈ تمام خلیجی ممالک کے درمیان شیئر کرے گا۔ ان کے مطابق یہ ڈیجیٹل انضمام خلیجی شہریوں کے سفر کو تیز، محفوظ اور زیادہ مؤثر بنائے گا۔

ون اسٹاپ ٹریول سسٹم یورپی یونین کے شینجن فریم ورک سے مماثلت رکھتا ہے، جو خلیجی خطے میں علاقائی اتحاد اور تعاون کی جانب ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Related Posts