پاکستان تحریکِ انصاف نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا، اس دوران پولیس نے پی ٹی آئی ہمدردوں اور کارکنان کی قیادت کرنے والے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے تحریکِ انصاف کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو دورانِ احتجاج گرفتار کرلیا، تحریکِ انصاف کے کارکنان پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے کیلئے پہنچے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا ہو۔ اس سے قبل کراچی پولیس نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ پہنچنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
اگست 2023 میں حلیم عادل شیخ کی گرفتاری سے متعلق نشر ہونے والی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو عدالت کے احاطے کے باہر سے گرفتار کیا جا رہا ہے تاہم جس کیس میں انہیں گرفتار کیا گیا، اس کی تفصیلات واضح طور پر سامنے نہیں آئیں۔
خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ 9 مئی کو توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں عوامی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور پرتشدد مظاہروں اور فسادات کے بعد مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں میں شامل ہیں۔
اَپ ڈیٹ
کراچی پولیس نے آج (28نومبر 2025 کو) سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل سمیت دیگر کی گرفتاری کے کچھ ہی وقت کے بعد حلیم عادل شیخ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو رہا کردیا ہے۔ پولیس نے تمام رہنماؤں کو کراچی پریس کلب کے باہر سے احتجاج کے دوران گرفتار کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








