الحمرا صوفی فیسٹیول 2025 کا آغاز ہو گیا ہے۔ فیسٹیول کی شروعات خطاطی کی نمائش Whirling Lines of Sufi Wisdom سے ہوئی، جس نے مہمانوں کو صوفی جمالیات کی دنیا میں خوش آمدید کہا۔
افتتاحی روز کے فکری سیشن میں واصف علی واصف کے فن و شخصیت پر نشست نوجوانوں کے فکری مسائل اور واصف علی واصف منعقد ہوئی، جس میں صاحبزادہ کاشف محمود، ڈاکٹر وسیم اللہ شاہین، قاسم علی شاہ، افتخار علی عفی اور ڈاکٹر عفان اظہارِ خیال کر رہے ہیں۔ نشست کی نظامت نورالحسن کر رہے ہیں۔ اسی دن اجتنا تھیٹر کا ڈرامہ مقصودِ کل میں ہوں بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کے دوسرے روز اہم نشست پنجابی صوفی شاعری دی روایت تے نوجوان نسل لئی پیغام ہوگی، جس میں ڈاکٹر صغریٰ صدف، ڈاکٹر امداد حسین، ڈاکٹر زکریا ذاکر، نین سکھ اور یوسف پنجابی گفتگو کریں گے۔ اس نشست کے ماڈریٹر افضل ساحر ہوں گے۔ صوفی رقص میں یوسف پنجابی کی پرفارمنس اور صوفی نائٹ میں تحسین سکینہ کی آواز محفل کو سجاتی نظر آئے گی۔
تیسرے روز مکالمہ تصوف کے معاشرے پر اثرات اور لمحہ موجود میں نسل نو کے لیے اہمیت ہوگا، جس میں فہد علی کاظمی، ڈاکٹر طارق شریف زادہ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی اور ڈاکٹر معین نظامی شرکت کریں گے۔ سیشن کی نظامت ڈاکٹر فاطمہ فیاض کریں گی۔ صوفی میوزک میں ریاض علی قادری اور غلام علی قادری کے روحانی نغمات پیش کیے جائیں گے، جبکہ درویشانہ رقص ورسٹائل گروپ کرے گا۔
فیسٹیول میں قوالی کا خصوصی سیشن بھی شامل ہے، جہاں شیر میانداد اپنے ہمنواؤں کے ساتھ سامعین کو وجدانی کیفیت سے روشناس کرائیں گے۔ کتب میلہ، فوڈ اسٹالز اور مختلف سرگرمیاں بھی شرکاء کی بڑی تعداد کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








