کے ٹو مہم میں گزشتہ برس جاں بحق کوہ پیما حسن شگری کی میت اسکردو منتقل کردی گئی ہے۔ پاک فوج نے جسدِ خاکی کو ہیلی مشن کے ذریعے منتقل کیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق حسن شگری کے ٹو کی چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران جاں بحق ہوگئے تھے، ریسکیو مہم کامیاب نہ ہوسکی اور موسم کی سختی سمیت دیگر مسائل ان کی میت کو نیچے نہ لاسکنے کا باعث بن گئے۔
رواں برس نائلہ کیانی کی تیار کردہ ٹیم کے ٹو کی صفائی مہم پر روانہ ہوئی تو اس سے قبل حسن شگری کے اہلِ خانہ نے جسدِ خاکی واپس لانے کی درخواست کردی، جو 8 ہزار 200 میٹر پر بوٹل نیک کے مقام پر برف میں دب چکا تھا۔
ریسکیو ٹیم بوٹل نیک کے مقام پر پہنچی اور برف میں دبی میت کو نکال لیا۔ بعد ازاں میت کو 3 ہزار میٹر نیچے ایڈوانس بیس کیمپ تک پہنچایا گیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی کی میت بوٹل نیک سے ایڈوانس بیس کیمپ تک پہنچائی گئی۔
میت نیچے لانے والے کوہ پیماؤں میں دلاور سدپارا، ذاکر حسین، اکبر حسین سدپارا، علی محمد سدپارا اور مراد سدپارا شامل تھے۔ پاک فوج نے انسانی ہمدردی کے تحت حسن شگری کی میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو پہنچا دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








