شادی کا جھانسہ دیکر ایک ماہ زیادتی کرتا رہا؛ چار سدہ پولیس نے ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک معروف ٹک ٹاکر نے معصوم کم عمر لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کی زندگی تباہ کردی۔ ملزم نے لڑکی کو ورغلا کر گھر سے بھگایا اور ایک ماہ سے زائد عرصے تک اسے اپنی ہوس کا نشانہ بناتا رہا جس سے شہر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

چارسدہ سٹی پولیس نے شرمناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ملزم رضوان کو گرفتار کرکے متاثرہ لڑکی کو بازیاب کروالیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ٹک ٹاک کے ذریعے لڑکی سے رابطہ قائم کیا اسے جھوٹے وعدوں کے جال میں پھنسایا اور پھر اسے گھر سے بھگا کر لے گیا۔ ایک ماہ سے زائد عرصے تک لڑکی کو جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کے بعد ملزم نے اسے بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔

وہ یہی تھا جس نے ہماری زندگی برباد کی؛ متاثرین بچیوں نے عدالت میں شبیر تنولی کو پہچان لیا

اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری ایکشن لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے اس سنگین معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کام لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ لڑکی نے ملزم کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کروائی جس کے بعد اس کا میڈیکل ٹیسٹ بھی مثبت پایا گیا۔

گرفتاری کے بعد ملزم نے اپنے گھناؤنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش کر رہی ہے اور متاثرہ لڑکی کے لیے انصاف یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ واقعہ معاشرے کے لیے ایک المناک یاددہانی ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے کس طرح معصوم زندگیاں خطرے میں پڑسکتی ہیں۔

Related Posts