کراچی: شہر قائد میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس وقت شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر بحال ہوچکی ہیں جو مغرب جنوب مغربی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد تک پہنچنے کے باعث موسم مزید مرطوب اور غیر آرام دہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ 7 ستمبر سے 9 ستمبر کے دوران کراچی میں تیز بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی انتظامات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہوا کا کم دباؤ اس وقت وسطی بھارت پر موجود ہے جو سندھ کے قریب پہنچ کر شدت اختیار کرے گا اور شدید کم دباؤ میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
اس کے زیر اثر سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع جن میں تھر پارکر، نگر پارکر، چھور، عمرکوٹ، میرپور خاص، مٹھی، سانگھڑ اور بدین شامل ہیں، 6 سے 9 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
اس کے بعد یہ سسٹم کمزور شدت کے ساتھ تھر پارکر کے راستے سندھ میں داخل ہوگا جس کے باعث حیدرآباد، نوابشاہ، کراچی، ٹھٹھہ، ٹنڈو آدم، جامشورو، کیٹی بندر، نوری آباد، سکھر، دادو، روہڑی، مورو، پدعیدن، شہید بے نظیر آباد، جیکب آباد، لاڑکانہ اور نوشہرو فیروز میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع خضدار، لسبیلہ، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، سون میانی اور گڈانی سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی 7 سے 9 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ایک شدید موسمی صورتحال ہے جس کے لیے عوام اور انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








