نیٹ فلکس کی نئی فلم انسپکٹر جینڈے ریلیز کردی گئی ہے، اس فلم میں مرکزی کرداروں میں منوج باجپائی اور جم سربھ شامل ہیں۔
فلم ایک پولیس افسر کی کہانی بیان کرتی ہے جو بدنام زمانہ مجرم چارلس سوبھراج کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے جسے بکنی کلر یا سوئمنگ سوٹ کلر کے نام سے جانا جاتا ہے تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ فلم واقعی ایک سچی کہانی پر مبنی ہے؟
حقیقی کہانی کا پس منظر
یہ فلم بمبئی پولیس کے بہادر افسر مدھوکر باپُو راؤ جینڈے کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے جنہوں نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں چارلس سوبھراج کو ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ گرفتار کیا تھا۔
فلم میں منوج باجپائی مدھوکر جینڈے کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ جم سربھ نے کارل بھوجراج کے نام سے ایک فرضی کردار نبھایا ہے جو اصل میں چارلس سوبھراج سے متاثر ہے۔
مدھوکر جینڈے کی اصل خدمات
مدھوکر جینڈے نے 1959 سے 1996 تک بمبئی پولیس میں خدمات انجام دیں۔ ان کا سب سے نمایاں کارنامہ چارلس سوبھراج کی گرفتاری ہے جو دی سربنٹ اور بکنی کلر کے نام سے مشہور ایک خطرناک سیریل کلر تھا۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے 1970 کی دہائی میں ایشیا بھر میں کم از کم 50 سیاحوں کو قتل کیا۔
جینڈے نے پہلی بار 1971 میں ممبئی کے تاج ہوٹل سے سوبھراج کو گرفتار کیا۔ کئی دن کی نگرانی کے بعد جب وہ ایک بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا تھا تو پولیس نے اسے دھر لیا تاہم بعد میں وہ دہلی کی تہاڑ جیل سے فرار ہوگیا۔
1986 میں جب سوبھراج دوبارہ بھارت آیا تو جینڈے نے اسے گوا میں دوبارہ گرفتار کیا۔ اس موقع پر ایک مقامی شخص نے اس کی پہچان مور کے سبز رنگ کی موٹر سائیکل سے کرائی جبکہ ٹیلی گراف آفس کے ایک ملازم نے اطلاع دی کہ وہ اوکوقیرو ریستوران سے غیر ملکیوں کو فون کرتا ہے۔
6 اپریل 1986 کو جینڈے نے اسی ریستوران سے اسے گرفتار کیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس وقت پولیس کے پاس ہتھکڑی نہیں تھی تو ریستوران کے عملے سے رسی لے کر سوبھراج کو باندھا گیا۔
جینڈے کو ان کی بہادری پر نہ صرف قومی سطح پر شہرت ملی بلکہ انہیں پولیس میڈل برائے نمایاں خدمات اور صدراتی میڈل برائے امتیازی خدمات بھی ملے۔
فلم اور حقیقت میں فرق
اگرچہ فلم انسپکٹر جینڈے کی کہانی حقیقی واقعات سے متاثر ہے لیکن فلم سازوں نے ڈرامائی تاثر بڑھانے کے لیے کچھ تخلیقی تبدیلیاں کی ہیں۔
مثال کے طور پر سوبھراج کے کردار کا نام بدل دیا گیا ہے اور کہانی کو کرائم کامیڈی کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود فلم جینڈے کی بہادری اور ممبئی پولیس کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








