اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے لاہور ڈویژن کے الحاق کردہ کالجوں کے اساتذہ کے دوسرے بیچ کے لیے استعداد کار میں اضافہ کا تربیتی پروگرام منعقد کیا۔
تربیتی پروگرام ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب پراجیکٹ کے اشتراک سے ہائی ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان کے تحت منعقد کیا گیا۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ ا ینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد کیے جانے والے تین روزہ تربیتی پروگرام میں 50 الحاق کردہ کالجوں کے اساتذہ نے شرکت کی جن میں سے 60 فیصد خواتین اساتذہ تھیں۔
تربیتی پروگرام دس ماڈیولز بشمول سمسٹر سسٹم کی طرف منتقلی، سمسٹر سسٹم کی منصوبہ بندی و انتظام، تعلیمی رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی، شعبہ تدریس میں ٹیکنالوجی کا استعمال، طلباء کے امتحانات کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال، سیکھنے کے عمل کو پرکھنا اور فیڈ بیک، سیکھنے کے عمل کا معیار، نصاب کی تشکیل، کورس کی تشکیل اور طریقہ تدریس پر مشتمل تھا۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے نتیجے میں طے پایا کہ 800الحاق کردہ کالجوں کے 1600اساتذہ کو مرحلہ وار تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام کے شرکاء نے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے ایچ ای سی کی کاوشوں کو سراہا اور ایچ ای سی اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے تربیتی سلسلے کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری ندیم اصغر نے تربیتی پروگرام کے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین تعاون کے فروغ پر زور دیا ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








