ایشا امبانی بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کی بیٹی ہیں، جن کی پیدائش 23 اکتوبر 1991 کو ہوئی، ایشا نے ریلائنس انڈسٹریز کے کاروبار، خاص طور پر ریٹیل اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایشا امبانی کی شادی معروف صنعتکار آنند پیرامل سے ہوئی ، وہ اپنے خاندان کی دولت اور اثر و رسوخ کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔
گزشتہ روز ایشا کوویمن آف دی ایئر ایوارڈز 2024 میں آئیکون آف دی ایئر کا اعزاز دیا گیا۔ یہ تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی، جہاں ان کے کاروباری دنیا میں کردار اور نمایاں فیشن اسٹائل کو سراہا گیا۔
ایشا امبانی کی پانچ مہنگی ترین چیزیں
1۔ ساحل کے قریب پرتعیش حویلی:

ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی پانچ منزلہ پرتعیش رہائش، گلِتا مینشن، ممبئی کے علاقے ورلی میں سمندر کے کنارے واقع ہے۔ پیرامل گروپ کے سربراہ اور آنند کے والد اجے پیرامل نے یہ حویلی 2012 میں ہندوستان یونی لیور سے خرید کر جوڑے کو تحفے میں دی۔ اکنامک ٹائمز کے مطابق اس حویلی کی مالیت 452 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
2۔ شادی کا مہنگا لباس:

ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی 2018 کی شادی ایک شاندار اور روایتی بھارتی شادی کا نمونہ تھی، جس نے میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ دلہن کا لباس خصوصی توجہ کا مرکز تھا۔ ایشا کا عروسی لہنگا تقریباً 90 کروڑ روپے کا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ شاہکار ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ نے تیار کیا تھا جس میں نیتا امبانی کی 35 سال پرانی بندھنی ساڑی کا بھی استعمال کیا گیا۔
3۔ مہنگی ترین گاڑیاں:

ایشا اور آنند کے گیراج میں کئی مہنگی گاڑیاں موجود ہیں، جن میں ایک خاص مرسڈیز بینز ایس-کلاس گارڈ بھی شامل ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس بلٹ پروف گاڑی پر تقریباً 10 کروڑ روپے لاگت آئی۔ اس گاڑی میں 12-سلنڈر V شکل کا انجن نصب ہے جو 523 ہارس پاور اور 829 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔
4۔ بیٹی کے لیے قیمتی تحفہ:

ایشا امبانی نے اپنی بیٹی آدیہ شکتی پیرامل کے لیے ایک خاص تحفہ تیار کروایا، جس میں 108 سونے کی گھنٹیاں شامل تھیں۔ اس سرخ تحفے پر آدیہ کا نام ہندی میں کندہ کیا گیا تھا اور یہ نو مراحل پر مشتمل تھا، جو دیوی شکتی کے مختلف ناموں اور ان کے معنی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ 108 گھنٹیاں ویدوں میں موجود مقدس منتر کا علامتی اظہار ہیں۔
5۔ قیمتی ہار:

ایشا امبانی نے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کی افتتاحی تقریب میں ایک منفرد ہیروں کا ہار پہنا، جس کی قیمت 165 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ ٹائمز ناؤ کے مطابق یہ ہار اپنی خوبصورتی اور نایابیت کی وجہ سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔
یہ چیزیں ایشا امبانی کے شاہانہ طرز زندگی اور ان کے خاندان کی بے پناہ دولت کی عکاس ہیں، جو انہیں بھارت کی نمایاں ترین شخصیات میں شامل کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








