پاک بحریہ کی تاریخی کارروائی، 97 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات ضبط، امریکا کی بھی مبارکباد

تازہ ترین

تازہ ترین

یرموک کی کامیاب ترین کارروائی، فائل فوٹو

پاکستان نیوی نے بحرِ عرب میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تاریخ کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ پاک بحریہ کے جہاز “پی این ایس یرموک” نے بین الاقوامی بحری اتحاد کے تعاون سے دو الگ الگ آپریشنز کے دوران 97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں لے لیں۔

کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائیاں سعودی عرب کی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی مدد سے “آپریشن المسمک” کے تحت کی گئیں، جو 16 اکتوبر سے جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق، 18 اکتوبر کو پی این ایس یرموک کے عملے نے پہلی کشتی کو روکا اور اس سے 2 ٹن سے زائد کرسٹل میتھ ایمفیٹامین برآمد کی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 82 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔

اس کے بعد 48 گھنٹے کے اندر دوسری کارروائی میں 350 کلوگرام کرسٹل میتھ (مالیت 14 کروڑ ڈالر) اور 50 کلوگرام کوکین (مالیت ایک کروڑ ڈالر) بھی قبضے میں لے لی گئی۔

بیان میں بتایا گیا کہ منشیات کو جہاز پر لا کر تجزیے اور تصدیق کے بعد ضائع کر دیا گیا۔ دونوں کشتیاں “بغیر قومی شناخت” تھیں، یعنی ان پر کسی ملک کا پرچم نہیں تھا اور ان کا ماخذ بھی واضح نہیں ہو سکا۔

سعودی شاہی بحریہ کے کموڈور فہد الجوید، جو اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، نے اسے سی ایم ایف کی تاریخ کی سب سے کامیاب کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن نے بین الاقوامی بحری تعاون کی افادیت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

یہ مشترکہ بحری اتحاد دنیا کے 47 ممالک پر مشتمل ہے جو تقریباً 30 لاکھ مربع میل پر پھیلے سمندری علاقے میں کام کر رہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کی روک تھام اور عالمی سمندری تجارت کے محفوظ بہاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

Related Posts