سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (سمیوٹا) نے سینیٹ اور اکیڈمک کونسل کے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کومبارکباد پیش کی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ کی 10 نشستوں اور اکیڈمک کونسل کی 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں نے بالترتیب 85 فیصد اور 90 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جو اساتذہ کے غیر معمولی اعتماد اور اتحاد کا عکاس ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شاندار کامیابی سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یونیورسٹی کے اساتذہ نہ صرف ادارے کی ترقی اور وقار کے لیے یکسو اور پرعزم ہیں بلکہ وہ مؤثر نمائندگی کے ذریعے پالیسی سازی کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی سنجیدہ ہیں۔
منتخب ہونے والے اساتذہ میں قرت العین نظیر احمد، سیدہ وجیہہ نعیم، محمد نعیم احمد، سید عظیم انعام، شاہد عبید، ڈاکٹر عمیر رئیس، ہیتش کمار، مظفر علی شاہ، امین خواجہ، آصف محمود اعوان، باسط حسن قریشی اور وفا منصور برڑو شامل ہیں۔
سمیوٹا کے اراکین کا کہنا ہے کہ سینیٹ اور اکیڈمک کونسل جیسے قانونی پلیٹ فارمز اساتذہ کی آواز کو ادارے کے انتظامی و پالیسی امور تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ نومنتخب نمائندگان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دیانتداری، حکمت اور ادارہ جاتی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔
ایسوسی ایشن نے نومنتخب اراکین کو ان کی مدتِ کار کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ امید ظاہر کی کہ وہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کو ایک روشن، شفاف اور ترقی یافتہ ادارہ بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








